جموں:10/اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)جموں وکشمیرنیشنل پنتھرس پارٹی کے26 اگست، 2017 کو ہونے والے اجلاس کا لائحہ عمل طے کردیا گیا ہے، استقبالیہ کمیٹی کی یہ میٹنگ پارٹی ہیڈکوارٹر جموں میں منعقد کی گئی، جس کی صدارت جوائنٹ کنوینر مسٹر نریش چب نے کی، کیونکہ کنوینر مسٹر راجیش پڈگوترا بیمارہیں۔جموں وکشمیرنیشنل پنتھرس پارٹی جموں میں قومی اجلاس منعقد کر رہی ہے، جس میں 26 اگست، 2017 کو پارٹی کے چیئرمین اور صدر کے لئے الیکشن ہوگا۔امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی 16 اگست سے 20 اگست، 2017 تک داخل کرسکتے ہیں۔ ہر کاغذات نامزدگی پر ان کے نام کی تجویز پیش کرنے والے اور حامی دولوگوں کے دستخط کے ساتھ ساتھ دو نمائندوں کے دستخط بھی ضروری ہیں۔ امیدوار کا ایک نمائندہ ہونا چاہئے جو کم از کم گزشتہ پانچ برسوں سے پارٹی کا سرگرم رکن ہونا چاہئے۔21 اگست کو کاغذات کی جانچ ہوگی اور امیدواروں کے ناموں کا 22 اگست، 2017 کو اعلان کیا جائے گا۔جموں وکشمیرنیشنل پنتھرس پارٹی کے نائب صدر پی کے گنجو کو ریٹرننگ آفیسر اور سردار پرمجیت سنگھ مارشل کو اسسٹنٹ ریٹرننگ افسر نامزدکیاگیاہے۔اجلاس سے خطاب کرنے والوں میں مسٹر بلونت سنگھ منکوٹیا، پی کے گنجو، جگدیو سنگھ، شنکر سنگھ چب، گگن پرتاپ سنگھ،سردار پرمجیت سنگھ مارشل، راکیش گپتا، راج کمار، نیرج گپتا، منوج گپتا و اور دلاور خان غیرہ شامل تھے۔